اترپردیش کے بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں مزید13بچے ہلاک ،آٹھ ماہ میں تعداد 1309 ہوگئی

گورکھپور: اترپردیش کے گورکھپور میں واقع بابا راگھوداس میڈیکل کالج (بی آر ڈی) میں واقع بچوں کے امراض کے وارڈ میں آج مزید 13 بچوں کی موت ہوجانے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1309 ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اس میڈیکل کالج میں علاج کے دوران جنوری میں 152، فروری میں 122، مارچ میں 159، اپریل میں 123، مئی میں 139، جون میں 137، جولائی میں 128 اور اگست میں 309 معصوموں کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن بچوں کی اس دوران موت ہوئی ہے ان میں دماغی بخار کے شعبہ، نوزائیدہ بچوں کے آئی سی یو اور بچوں کے آئی سی یو وغیرہ شعبہ میں زیر علاج بچے شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں گزشتہ یکم جنوری سے اب تک دماغی بخار میں مبتلا بچوں کے علاج کے دوران بی آر ڈی میڈیکل کالج میں 183 بچوں کی موت ہوچکی ہے۔ بی آئی ڈی میڈیکل کالج میں بچوں کے امراض کے وارڈ میں مریضوں کی تعداد بڑھنے سے صورتحال سنگین ہے۔ وارڈ میں 150 بستر پر 345 مریض داخل ہیں۔ ایک بستر پر تین تین مریضوں کو رکھنا پڑ رہا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر بستروں کے ساتھ ڈاکٹروں کی بھی کمی ہے۔ کالج کے پرنسپل پی کے سنگھ کے مطابق اس مسئلہ کی اطلاع اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی دے دی گئی ہے۔ رویندر گورکھپور کے ڈویژنل کمشنر انل کمار اور ڈسٹریکٹ مجسٹریٹ راجیو روتیلا اور ڈی آئی جی نلابجا چودھری کل رات گئے میڈکل کالج پہنچے اور کالج کے پرنسپل ڈاکٹر پی کے سنگھ سے ملاقات کرکے پورے معاملے کی معلومات حاصل کی اور پھر بچوں کے امراض کے وارڈ میں جا کر وہاں مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی۔

Title: at least 1309 children die in gorakhpur brd medical college since jan 2017 | In Category: صحت  ( health )